اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے صدر اسحاق ہرزوگ سے اپنے کرپشن مقدمات میں معافی کی درخواست کی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیتن یاہو نے صدر کو ایک باضابطہ خط بھیجا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے جاری مقدمات ان کے وزیر اعظم کے فرائض میں رکاوٹ بن رہے ہیں اور معافی اسرائیلی معاشرے کے مفاد میں ہوگی۔
اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائیر لاپید نے کہا کہ نیتن یاہو کو صرف اپنے جرم کا اعتراف، ندامت اور سیاست ترک کرنے پر معافی ملنی چاہیے۔ نیتن یاہو اسرائیل کے طویل ترین عرصے تک خدمات انجام دینے والے وزیراعظم ہیں۔
ان کے وکلا نے صدر کے دفتر کو خط میں بتایا کہ وزیراعظم اب بھی یقین رکھتے ہیں کہ قانونی کارروائی کا اختتام مکمل بریت پر ہوگا۔ نیتن یاہو نے لیکود جماعت کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو بیان میں کہا کہ ’میرے وکلا نے صدر کو معافی کی درخواست بھیج دی ہے، اور میں امید کرتا ہوں کہ ملک کی بہتری کے خواہش مند اس اقدام کی حمایت کریں گے۔‘
خیال رہے کہ رواں ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اسرائیلی صدر سے درخواست کی تھی کہ نیتن یاہو کو کرپشن کے مقدمات میں معاف کیا جائے۔





