ٹریفک قوانین پر عمل ضروری، مگر معمولی خلاف ورزی پر ایف آئی آر سراسر زیادتی ہے: ڈاکٹر تصور حسین مرزا


سرائے عالمگیر ( تحصیل رپورٹر ) معروف کالم نگار اور صدر عوامی میڈیا پاکستان ڈاکٹر تصور حسین مرزا نے اپنے اخباری بیان میں کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل سواروں کی معمولی ٹریفک خلاف ورزیوں پر ایف آئی آر درج کرنے کا اعلان تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی شہریوں کی حفاظت کے لیے لازمی ہے، مگر بغیر ہیلمٹ یا نمبر پلیٹ جیسے معاملات پر ایف آئی آر درج کرنا کسی بھی شہری کی زندگی پر دائمی دھبہ لگا سکتا ہے۔

ڈاکٹر تصور حسین مرزا نے کہا کہ دنیا بھر میں ٹریفک اصلاحات سخت جرمانوں، لائسنس معطلی، آگاہی مہمات اور اصلاحی اقدامات کے ذریعے نافذ کی جاتی ہیں، جبکہ ایف آئی آر صرف سنگین نوعیت کی خلاف ورزیوں تک محدود ہوتی ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہریوں کو مجرم بنانے کے بجائے جرمانوں میں اضافہ، موٹر سائیکل کی عارضی بندش یا ٹریفک تربیتی سیشن جیسے اقدامات اختیار کیے جائیں، تاکہ عوامی مشکلات کم ہوں اور ٹریفک نظام بھی بہتر ہو سکے۔

ڈاکٹر تصور حسین مرزا نے اس امید کا اظہار کیا کہ متعلقہ حکام عوامی آواز پر سنجیدگی سے غور کریں گے کیونکہ انصاف پر مبنی نظام ہی دیرپا اصلاحات کی بنیاد بنتا ہے۔

Exit mobile version