بہاولنگر، اسلام نگر میں بڑا سیاسی بریک تھرو

کالم نگار: محمد شہزاد بھٹی

آج ہم بات کریں گے رواں ہفتے محلہ اسلام نگر کی سیاسی فضا میں جو ایک بڑا سیاسی بریک تھرو سامنے آیا ہے اس حوالے سے جب علاقے کی معروف سیاسی شخصیت (ن) لیگی رہنما سابق چیئرمین بیت المال بہاولنگر چوہدری محمد اسلم نے باضابطہ طور پر ایم پی اے سہیل خان کھوکھر گروپ میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس شمولیت کو علاقائی سیاسی استحکام اور عوامی خدمت کے ترقیاتی منصوبوں کو مزید تقویت دینے کی جانب ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔ یاد رہے، (ن) لیگی رہنما سابق چیئرمین بیت المال بہاولنگر چوہدری محمد اسلم کی ایم پی اے سہیل خان کھوکھر گروپ میں شمولیت کے لئے معروف سیاسی و سماجی شخصیت محمد خان مغل نے ڈائریکٹلی اور ان ڈائریکٹلی اپنا غیر معمولی کردار ادا کیا۔ محمد خان مغل جو اپنے وسیع سماجی رابطوں اور علاقے میں غیر متنازعہ شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں،وہ اپنی خلوص نیت، محنت اور انسان دوستی کے لیے مشہور ہیں۔ محمد خان مغل نے اپنی زندگی کو عوام کی خدمت کے لیے وقف کر رکھا ہے۔ انہوں نے دونوں رہنماؤں کے درمیان برف پگھلانے اور رابطہ کار کا کردار بخوبی سرانجام دیا۔ یہ ان کی سیاسی کوششوں کا ہی ثمر تھا کہ (ن) لیگی رہنما سابق چئیرمین بیت المال بہاولنگر چوہدری محمد اسلم نے ایم پی اے سہیل خان کھوکھر گروپ کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا۔ اس اہم سیاسی اتحاد و شمولیت کے موقع پر ایم این اے میاں عالم داد لالیکا اور ایم پی اے سہیل خان کھوکھر کے اعزاز میں ایک پرتکلف اعشائیہ کا اہتمام ان کے ڈیرہ پر کیا گیا۔ جس میں بہاولنگر کے معروف (ن) لیگی کارکنان ہمایوں بٹ، چوہدری محمد افضل، چوہدری منور، شیخ جمیل، ایوب عالم، رفیق بھٹی، رحیم خاں، ساجد ایوب، انور رحمانی کے علاوہ ساجن بھاٹیا ممبر مینارٹی ایڈوائزری کونسل پنجاب، ڈسٹرکٹ ممبر امن کمیٹی بہاولنگر، چئیرمین مینارٹی ڈسٹرکٹ میثاق امن کمیٹی بہاولنگر اور اہل محلہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اعشائیہ و شمولیتی پروگرام کی اس تقریب میں (ن) لیگی رہنما چوہدری محمد اسلم نے اپنے خطاب کے دوران نا صرف باضابطہ طور سہیل خاں کھوکھر گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا بلکہ محلہ اسلام نگر کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے بنیادی عوامی مسائل جن میں واٹر سپلائی، سیوریج، گلیوں میں ٹف ٹائلز کی تنصیب کے علاوہ بعض جگہوں پر بجلی کے ٹرانسفارمرز و کھمبوں کی تنصیب کے مسائل تقریب میں موجود ایم این اے میاں عالم داد لالیكا اور ایم پی اے سہیل خاں کھوکھر کے گوش گزار کئیے۔ ایم پی اے سہیل خان کھوکھر نے اپنے خطاب میں (ن) لیگی رہنما چوہدری محمد اسلم سابق چئیرمین بیت المال کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری صاحب آپ ہمارے ساتھ نہیں بلکہ میں آپ لوگوں کے ساتھ یعنی پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوا ہوں، انہوں نے اپنے خطاب مذید وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ آزاد حیثیت سے الیکشن جیتنے کے بعد ایم این اے میاں عالم داد لالیکا کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوئے ہیں، جس کے قائد میاں محمد نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز شریف وزیراعلی پنجاب ہیں جن کی قیادت میں پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے، انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ انصاف کے ترازو میں اگر مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا دیگر جماعتوں سے موازنہ کیا جائے تو ملک سے اگر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی کاموں کو نکال دیا جائے تو باقی کچھ نہیں بچتا۔ ایم پی اے سہیل خاں کھوکھر نے کہا کہ آئندہ الیکشن سے قبل محلہ اسلام نگر کے تمام مسائل حل ہونگے۔ ایم این اے میاں عالم داد لالیکا نے اپنے خطاب میں (ن) لیگی رہنما سابق چئیرمین بیت المال بہاولنگر چوہدری محمد اسلم کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کا احسان کاموں کی صورت میں کبھی چکا ہی نہیں سکتے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں یاد دلایا کہ 2013، 2018 اور 2024 کے ہر الیکشن میں چوہدری محمد اسلم نے میرے بزرگوں کے ساتھ اپنا وہی پرانا تعلق نبھاتے ہوئے میرا بھی بے لوث ساتھ دیا اور ہمیشہ میری حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے حاضرین سے پختہ وعدہ کیا کہ اگر آئندہ الیکشن سے قبل تمام کیے گئے وعدے پورے نہ کیے گئے تو وہ انہیں اگلے الیکشن میں ووٹ ہی نہ دیں لہٰذا اب ایم این اے میاں عالم داد لالیكا اور ایم پی اے سہیل خاں کھوکھر کو چاہیے کہ وہ اسلام نگر کے بنیادی عوامی مسائل واٹر سپلائی، سیوریج، گلیوں میں ٹف ٹائلز کی تنصیب کے علاوہ بجلی کے ٹرانسفارمرز و کھمبوں کی تنصیب جیسے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کریں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات سے چھٹکارا مل سکے اور انہیں آئندہ الیکشن میں اپنی کارکردگی کی بنا پر پہلے سے کئی گنا زیادہ ووٹ مل سکیں۔ اللہ کریم ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ آمین

Exit mobile version