ماہر کوچز کی جانب سے پنجاب کے ایتھلیٹس کو نیشنل گیمز کی تیاری کے لیے جدید تربیت دینے کا سلسلہ جاری

لاہور/گجرات ( اورنگزیب عالمگیر شاکر) نِشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس کے متعدّد جدید اسپورٹس وینیوز میں جمعرات کو جاری تربیتی کیمپوں میں ماہر کوچز نے پنجاب کے ایتھلیٹس کو جدید خطوط پر تربیت فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔
پنجاب اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ یہ تربیتی کیمپس آئندہ 35ویں نیشنل گیمز کی تیاری کے سلسلے میں منعقد کر رہا ہے، جو 6 سے 13 دسمبر تک کراچی میں ہوں گے۔

ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب خضر افضل چوہدری نے ویٹ لفٹنگ، کبڈی، ہاکی، آرچری، باکسنگ اور جوڈو کے تربیتی کیمپس کا دورہ کرکے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی اسپورٹس خضر افضل چوہدری نے بتایا کہ 20 رکنی فزیوتھراپسٹس کی ٹیم بھی کیمپوں میں موجود ہے تاکہ کسی بھی انجری کی صورت میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اہل اور تربیت یافتہ کوچز کی زیر نگرانی کھلاڑیوں کو اعلیٰ معیار کی ٹریننگ دی جا رہی ہے۔ پنجاب کے مرد اور خواتین کھلاڑی نیشنل گیمز میں بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لیں گے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ تربیتی کیمپوں میں تمام شریک کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ’’ہم پُرامید ہیں کہ پنجاب کے کھلاڑی اپنی شاندار کارکردگی کے ذریعے نیشنل گیمز میں بڑی تعداد میں میڈلز جیتیں گے۔‘‘

پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس میں سینئر کوچ رفیع الزمان کی نگرانی میں درجنوں کھلاڑیوں نے تیراکی کے تربیتی کیمپ میں حصہ لیا، جہاں ان کی فٹنس اور اسٹیمنا جانچنے کے لیے مقابلے بھی کروائے گئے۔

اسی طرح کبڈی کیمپ میں ماہر کوچز نے کھلاڑیوں کو اہم تکنیکیں سکھائیں جبکہ ایک نمائشی کبڈی میچ بھی کیمپ کے ممکنہ کھلاڑیوں کے درمیان کھیلا گیا۔

ایلیٹ ٹریننگ سینٹر میں منعقدہ ووشو کیمپ میں معمول کی مشقوں کے ساتھ ساتھ جسمانی ٹریننگ اور پریکٹس مقابلے بھی کیے گئے تاکہ کھلاڑیوں کی میچ فٹنس مزید بہتر ہو سکے۔ اسی طرح جوڈو، ویٹ لفٹنگ اور آرچری کے تربیتی کیمپس بھی پنجاب کے ماہر کوچز کی نگرانی میں نیشنل گیمز کی تیاری کے لیے جاری رہے۔

Exit mobile version