لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے لاہور منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ سات دسمبر کو پنجاب بھر میں بلدیاتی نظام کے کالے قانون کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نافذ کیے گئے کالے قانون کے خلاف یہ احتجاج بدل دو نظام تحریک کے آغاز کا باقاعدہ حصہ ہوگا، اور اجتماع عام میں جس لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، اسی ایجنڈے پر ملک گیر تحریک چلے گی۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ اس احتجاجی تحریک کے دوران ریفرنڈم بھی کرایا جائے گا اور عوام کا استحصال مزید برداشت نہیں کیا جائے گا، انہیں ان کا حق دینا ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ تحریک کے دوران دھرنے، اسمبلیوں کا گھیراؤ، عدالتوں میں کارروائیاں اور سڑکوں پر احتجاج بھی شامل ہوگا۔ امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ ان کے مطالبات میں آئین و قانون کی بالادستی، جمہوریت اور متناسب نمائندگی کے تحت انتخابات شامل ہیں۔
انہوں نے تعلیمی نظام کی بحرانی کیفیت اور امن عامہ کی ابتر صورتحال کے خلاف بھی مظاہروں کا اعلان کیا، اور کہا کہ امریکہ کی چاپلوسی اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف بھی آواز بلند کی جائے گی۔
آخر میں امیر جماعت اسلامی نے اجتماع عام کی کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کیا۔
