قائد ن لیگ میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ’’اپنی زمین، اپنا گھر‘‘ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ، لاہور میں تقریب کا انعقاد

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ’’اپنی زمین، اپنا گھر‘‘ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ لاہور میں منعقدہ تقریب میں مریم نواز کی درخواست پر نواز شریف نے بٹن دبا کر پروگرام کا ڈیجیٹل افتتاح کیا جس کے ساتھ ہی صوبے کے 19 اضلاع میں 3 مرلہ پلاٹس کی قرعہ اندازی مکمل ہوئی۔

پروگرام کے پہلے مرحلے میں پنجاب کی 23 ہاؤسنگ اسکیموں کے تحت مجموعی طور پر 2 ہزار مستحق افراد کو پلاٹ الاٹ کر دیے گئے۔ ضلع جہلم کے 730، قصور کے 388، فیصل آباد کے 257، لودھراں کے 219، اوکاڑہ کے 130 اور لیہ کے 55 درخواست دہندگان کامیاب ٹھہرے۔ بھکر کے 52، ساہیوال کے 33، سرگودھا کے 25، خوشاب کے 24، بہاولنگر کے 20، منڈی بہاءالدین کے 17 اور راجن پور کے 15 افراد کو بھی پلاٹس مل گئے۔ اس کے علاوہ اٹک سے ایک، گجرات سے آٹھ، بہاولپور سے سات، جھنگ اور وہاڑی سے چار چار جبکہ چنیوٹ سے دو شہریوں کے نام نکلے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کامیاب شہریوں کو مبارک باد دینے کے لیے خود فون کیے، جبکہ اٹک کی رخسانہ بی بی اور بہاولپور کی میرومائی سے نواز شریف اور مریم نواز نے خصوصی گفتگو بھی کی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پلاٹ حاصل کرنے والے مستحقین کو گھر کی تعمیر کے لیے 15 لاکھ روپے تک قرض فراہم کیا جائے گا، جس کی ادائیگی 9 سال میں صرف 14 ہزار روپے ماہانہ قسط کی صورت میں ہوگی۔

تقریب میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یٰسین نے بتایا کہ پروگرام کی شفافیت یقینی بنانے کے لیے نادرا فیلڈ اسٹاف کے ذریعے اسکروٹنی، تصدیق اور ڈسٹرکٹ کمیٹیوں کی منظوری کا فول پروف نظام اپنایا گیا ہے۔ ان کے مطابق 1 لاکھ 83 ہزار سے زائد افراد نے رجسٹریشن کرائی جبکہ 18 ہزار 308 درخواست دہندگان کو قرعہ اندازی کے لیے اہل قرار دیا گیا۔

Exit mobile version