الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کی چھ اور صوبائی اسمبلی کی سات نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے ووٹر ٹرن آؤٹ کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق مجموعی ووٹر ٹرن آؤٹ 28.58 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 ہری پور میں سب سے زیادہ ٹرن آؤٹ 50.82 فیصد رہا، جبکہ این اے 185 میں 32.61 فیصد، این اے 96 فیصل آباد میں 26.46 فیصد اور این اے 143 ساہیوال میں 21.43 فیصد ووٹرز نے حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ لاہور کے حلقہ این اے 129 میں ووٹر شمولیت نسبتاً کم رہی جہاں ٹرن آؤٹ 18.67 فیصد ریکارڈ ہوا۔ فیصل آباد کے ایک اور حلقے این اے 104 میں سب سے کم 13.23 فیصد ووٹرز پولنگ اسٹیشنز تک پہنچے۔
صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں بھی ٹرن آؤٹ میں تفاوت دیکھنے میں آیا۔ پی پی 269 مظفرگڑھ میں 50.82 فیصد ووٹر ٹرن آؤٹ کے ساتھ نمایاں رہا، جبکہ پی پی 98 فیصل آباد میں 36.82 فیصد اور پی پی 73 سرگودھا میں 34.45 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ پی پی 87 میانوالی میں ٹرن آؤٹ 27 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پی پی 116 فیصل آباد میں 22.94 فیصد اور پی پی 203 ساہیوال میں 22.4 فیصد ووٹرز نے ووٹنگ عمل میں حصہ لیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق بعض حلقوں میں ٹرن آؤٹ حوصلہ افزا رہا جبکہ کئی حلقوں میں ووٹرز کی شمولیت کم رہی، تاہم مجموعی طور پر پولنگ کا عمل پُرامن ماحول میں مکمل ہوا اور کہیں سے بڑا ناخوشگوار واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔
