سرائے عالمگیر: بچوں کو خسرہ و روبیلا سے بچانے کے لیے والدین ویکسین لازمی لگوائیں، ڈاکٹر بلال بن طارق

کھاریاں ( قاری نصیر احمد کلیار) ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال سرائے عالمگیر ڈاکٹر بلال بن طارق نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ 9 ماہ سے 15 سال تک عمر کے بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی ویکسین لازمی لگوائیں، تاکہ بچوں کو مہلک بیماریوں اور ان کی پیچیدگیوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔

ڈاکٹر بلال نے بتایا کہ خسرہ اور روبیلا دونوں خطرناک وائرل بیماریاں ہیں جو کھانسی، چھینک اور متاثرہ شخص کے سانس کے ذریعے تیزی سے ایک بچے سے دوسرے بچے میں منتقل ہوتی ہیں۔

خسرہ میں تیز بخار، کھانسی، زکام، آنکھوں کا سرخ ہونا اور جسم پر سرخ دھبے نمودار ہوتے ہیں، جب کہ روبیلا میں ہلکا بخار، گلے میں درد، کانوں کے پیچھے گلٹیاں اور جسم پر ہلکے سرخ دانے ظاہر ہوتے ہیں۔

ایم ایس نے بتایا کہ خسرہ کی سنگین پیچیدگیوں میں نمونیا، دماغی انفیکشن، دست اور بعض اوقات موت تک واقع ہو سکتی ہے۔
روبِیلا حاملہ خواتین کے لیے انتہائی خطرناک ہے اور اس سے بچے میں پیدائشی نقائص یا حمل ضائع ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان بیماریوں سے بچاؤ کا سب سے مؤثر طریقہ MR ویکسین ہے جو 9 اور 15 ماہ کے بچوں کو لازمی لگائی جاتی ہے۔
صفائی کا خیال رکھنا، ہاتھوں کو دھونا، بیمار بچوں کو اسکول نہ بھیجنا اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانا بھی اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

ڈاکٹر بلال بن طارق نے زور دے کر کہا:
"اپنے بچوں کو صحت مند رکھیں، ہیروز بنیں!”

Exit mobile version