امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اُن کی انتظامیہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ ختم کرنے کے ایک معاہدے کے انتہائی قریب پہنچ چکی ہے۔ وائٹ ہاؤس میں تھینکس گیونگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ جنگ میں ہزاروں فوجی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، تاہم اب امن معاہدے کے حوالے سے غیر معمولی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے صرف 9 ماہ کے دوران 8 جنگیں رُکوائیں اور اب ایک اور بڑی جنگ کے خاتمے کے لیے کام جاری ہے۔ صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں بھی بتایا کہ انہوں نے اپنے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف کو ماسکو میں روسی صدر سے ملاقات کی ہدایت کی ہے، جبکہ امن معاہدے سے متعلق محض چند اختلافی نکات باقی رہ گئے ہیں۔
وائٹ ہاؤس نے بھی امن کوششوں میں نمایاں پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کچھ نازک نکات پر مزید بات چیت کی ضرورت ہے۔ چند روز قبل امریکی اور یوکرینی حکام نے جنیوا میں 28 نکاتی امریکی امن تجویز پر مذاکرات کیے تھے، جس کے بعد دونوں ممالک نے نئے فریم ورک پر کام کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے یوکرین کو امن معاہدہ قبول کرنے کے لیے 27 نومبر کی ڈیڈ لائن بھی دے رکھی ہے۔
