پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان جب بھی حملہ کرتا ہے تو اعلانیہ کرتا ہے اور کبھی سویلین پر حملہ نہیں کرتا۔ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل نے بریفنگ میں کہا کہ ہماری نظر میں کوئی گڈ یا بیڈ طالبان نہیں ہیں اور دہشت گردوں میں کوئی تفریق نہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا کہ پاکستان ریاست کے طور پر کارروائی کرتا ہے اور ردعمل بھی ریاستی سطح پر ہی دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خون اور تجارت ایک ساتھ نہیں چل سکتے، یہ ممکن نہیں کہ پاکستان پر حملے ہوں اور ہم تجارت بھی کریں۔ ہم افغان عوام کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف کارروائی کرتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے طالبان حکومت پر زور دیا کہ وہ ریاست کی طرح فیصلے کریں، نان اسٹیٹ ایکٹرز کی طرح نہیں، اور سوال اٹھایا کہ طالبان حکومت کب تک عبوری رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے کئی واقعات میں نان کسٹم پیڈ گاڑیاں استعمال ہوئیں، اس لیے فوری طور پر نان کسٹم پیڈ گاڑیوں پر پابندی عائد کی جائے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ فیض حمید کے ٹرائل پر قیاس آرائی نہ کی جائے، جیسے ہی معاملہ حتمی نتیجے پر پہنچے گا، فوری طور پر اعلان کیا جائے گا۔
