علی ترین نے ملتان سلطانز سے علیحدگی کا اعلان کر دیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے ٹیم سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔ علی ترین نے یہ اعلان سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے کیا اور شائقین کے نام ایک جذباتی پیغام جاری کیا۔

علی ترین نے کہا کہ ملتان سلطانز کا حصہ ہونا ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا ہے اور وہ شائقین، کھلاڑیوں اور جنوبی پنجاب کی نمائندگی کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو ہر سیزن یہ سمجھایا کہ شائقین آپ کو ہارنے پر معاف کر دیں گے، لیکن اگر آپ مقابلہ کرنا چھوڑ دیں تو وہ کبھی معاف نہیں کریں گے۔

علی ترین نے کہا کہ مالی نقصانات کے باوجود انہوں نے کبھی ٹیم چھوڑنے کے بارے میں نہیں سوچا اور سلطانز ان کے لیے صرف اعداد و شمار سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ ایماندار رہے اور اپنے اصولوں پر قائم رہے، اور اگر رہنے کا مطلب اصولوں سے سمجھوتہ کرنا تھا تو علی ترین کے پاس ایک ہی انتخاب تھا۔

انہوں نے کہا، "میں اس ٹیم کو اپنے پیروں پر کھڑے ہو کر کھونا پسند کروں گا بجائے اس کے کہ میں گھٹنوں کے بل اسے چلاؤں۔” علی ترین نے شائقین سے اپیل کی کہ وہ ٹیم کے اگلے مالک کو بھی اسی جذبے کے ساتھ سپورٹ کرتے رہیں۔

یاد رہے کہ چند دن قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے معاہدے کی خلاف ورزی اور پی ایس ایل کی شہرت کو نقصان پہنچانے کے الزام پر علی ترین کو نوٹس جاری کیا تھا، جسے علی ترین نے پھاڑ کر مسترد کر دیا تھا۔

Exit mobile version