پاک بحریہ نے اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ جدید ویپن سسٹم پاکستان نے خود تیار کیا ہے، جو سمندری اور زمینی اہداف کو انتہائی درستی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ میزائل جدید رہنمائی نظام اور اہم تکنیکی خصوصیات سے لیس ہے جو اسے اپنے ہدف تک مؤثر انداز میں پہنچاتا ہے۔
آئی ایس پی آر نے تجربے کو پاکستان کی دفاعی مہارت اور قومی سلامتی کے لیے پاک بحریہ کے مضبوط عزم کی علامت قرار دیا۔ کامیاب ٹیسٹ فلائٹ کا مشاہدہ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کے علاوہ سینئر سائنسدانوں اور انجینئروں نے بھی کیا، جو اس منصوبے کا اہم حصہ رہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر نے اس کامیابی پر شریک یونٹس اور سائنسدانوں کو مبارک باد دی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں سروسز چیفس نے بھی اس اہم ترقی پر متعلقہ ٹیموں کو سراہا۔
