بابری مسجد کی جگہ ’’رام مندر‘‘ پر جھنڈا لہرانا افسوسناک، پاکستان کا شدید ردِعمل

پاکستان نے ایودھیا میں تاریخی بابری مسجد کی جگہ تعمیر کیے گئے نام نہاد ’’رام مندر‘‘ پر جھنڈا لہرانے کے واقعے کو افسوسناک اور قابلِ تشویش قرار دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا، نفرت انگیز بیانیوں اور مسلمانوں کے خلاف حملوں کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔

ترجمان کے مطابق بھارت کی عدالتی کارروائیاں بھی مسلمانوں کے خلاف امتیازی رویوں کی عکاسی کرتی ہیں، جبکہ بھارتی ریاست اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے مذہبی اور ثقافتی ورثے کو مٹانے جیسے خطرناک رجحانات کی طرف بڑھ رہی ہے۔ متعدد تاریخی مساجد کو توہین اور شہید کیے جانے کے خدشات بھی سامنے آ رہے ہیں۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی مسلمان سماجی، معاشی اور سیاسی میدان میں بڑھتی ہوئی محرومی کا سامنا کر رہے ہیں۔ پاکستان نے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت میں بڑھتے اسلاموفوبیا کا نوٹس لیا جائے اور اسلامی ورثے کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

ترجمان نے یاد دلایا کہ بابری مسجد کو 6 دسمبر 1992 کو انتہاپسند ہجوم نے شہید کیا تھا، اس لیے بھارت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسلمانوں سمیت تمام مذہبی برادریوں کی عبادت گاہوں کا مکمل تحفظ یقینی بنائے۔

Exit mobile version