ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا شیڈول جاری ، پاکستان اور بھارت 15 فروری کو ٹکرائیں گے

آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جو 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا۔ ممبئی میں ہونے والی تقریب میں ایونٹ کی تفصیلات پیش کی گئیں جن کے مطابق ٹورنامنٹ کے میچز سات مختلف مقامات—چنئی، نئی دہلی، کولکتہ، ممبئی، احمد آباد، کولمبو اور کینڈی میں کھیلے جائیں گے۔

ورلڈ کپ میں شامل 20 ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، جہاں ہر گروپ سے دو ٹیمیں سپر 8 مرحلے میں جگہ بنائیں گی۔ سپر 8 میں بھی ٹیموں کو دو گروپس میں بانٹا جائے گا اور یہاں سے ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنల్ تک رسائی حاصل کریں گی۔

گروپ اے میں بھارت، پاکستان، امریکا، نیدرلینڈز اور نمیبیا شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں آسٹریلیا، سری لنکا، آئرلینڈ، زمبابوے اور عمان کی ٹیمیں موجود ہیں۔ گروپ سی میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، بنگلا دیش، نیپال اور اٹلی شامل ہیں اور گروپ ڈی نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، افغانستان، کینیڈا اور یو اے ای پر مشتمل ہے۔

پاکستان کی مہم 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف پہلے میچ سے شروع ہوگی۔ گرین شرٹس 10 فروری کو امریکا کے مدمقابل آئیں گے، جبکہ روایتی حریف بھارت سے بڑا ٹاکرا 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول ہے۔ پاکستان اپنا آخری گروپ میچ 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف کھیلے گا۔

سپر 8 مرحلہ 21 فروری سے یکم مارچ تک جاری رہے گا۔ پہلا سیمی فائنل 4 مارچ کو کولکتہ اور دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو ممبئی میں ہوگا، تاہم پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی صورت میں ان کا میچ کولمبو میں منتقل کر دیا جائے گا۔ فائنل کیلئے احمد آباد کو مرکزی وینیو مقرر کیا گیا ہے، لیکن اگر پاکستان فائنل میں پہنچا تو یہ فیصلہ کن معرکہ بھی کولمبو میں ہی کھیلا جائے گا۔

Exit mobile version