ڈنگہ میں صفائی کا نظام مفلوج ، ARAR کمپنی ناکام، سابق کونسلر غلام مرتضیٰ بٹ کا نظام دوبارہ میونسپل کمیٹی کے سپرد کرنے کا مطالبہ

سابق امیدوار کونسلر و راہنماء انجمن تاجران ڈنگہ غلام مرتضیٰ بٹ نے کہا ہے کہ ڈنگہ میں صفائی کے حوالے سے پرائیویٹ کمپنی ARAR کی کارکردگی انتہائی ناقص ہے۔ گھروں اور گلیوں کے سامنے کئی کئی روز تک کوڑے کے ڈھیر پڑے رہتے ہیں جبکہ نالیاں کوڑے اور گندگی سے بھر جانے کے باعث گندا پانی گلیوں میں کھڑا ہو جاتا ہے۔ دکانوں کے سامنے بھی باقاعدہ صفائی نہ ہونے سے تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ARAR کمپنی کے پاس نہ تجربہ کار سینٹری سپروائزر موجود ہیں اور نہ ہی صفائی کے لیے ضروری مشینری۔ اسٹاف پہلے ہی ناکافی ہے، ایسے میں 75 ہزار آبادی والے شہر کا صفائی نظام اس کمپنی کے سپرد کر دینا عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔

غلام مرتضیٰ بٹ نے کہا کہ صرف ایک سال قبل ڈنگہ کا صفائی نظام میونسپل کمیٹی کے پاس تھا، جہاں تجربہ کار سینٹری انسپکٹرز اور سپروائزرز تعینات تھے، اور ان کی کارکردگی موجودہ کمپنی سے کئی گنا بہتر تھی۔ شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی ہوتی تھی، لیکن اب صورتحال اس کے برعکس ہے۔ محلے کی نالی صاف کروانے کے لیے شہری کئی بار ARAR کے دفتر جاتے ہیں مگر کوئی عملہ کام کرنے نہیں آتا۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر گجرات اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے لوٹ مار کا سلسلہ بند کروا کر ضلع گجرات کا صفائی نظام فوری طور پر میونسپل کمیٹی کے حوالے کیا جائے تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔

Exit mobile version