جہلم (ڈاکٹر تصور حسین مرزا ) پنجاب ٹریفک پولیس کے ڈی آئی جی محمد وقاص نزیر کی ہدایت اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کے احکامات کی روشنی میں ٹریفک آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔ ڈی ایس پی ٹریفک خرم فیاض کی خصوصی ہدایت پر سب انسپکٹر محمد آصف نے فوکل پرسن عبدالغفور چوہان کے ہمراہ شاندار چوک میں موٹر سائیکل سواروں میں روڈ سیفٹی سے متعلق پمفلٹ تقسیم کیے اور ٹریفک قوانین کی پابندی سے متعلق آگاہ کیا۔
اس موقع پر شہریوں کو بتایا گیا کہ موٹر سائیکل دورانِ سفر ہیلمٹ کا استعمال اپنی اور دوسروں کی جان محفوظ بنانے کے لیے ناگزیر ہے، کیونکہ حادثے کی صورت میں سر کی چوٹ سب سے زیادہ مہلک ثابت ہوتی ہے۔ مہم کے دوران لیڈی پولیس اہلکاروں نے الیکٹرک سکوٹی چلانے والی بچیوں میں بھی پمفلٹ تقسیم کیے اور انہیں حفاظتی تدابیر سے آگاہ کیا۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں پر زور دیا کہ قانون کی پابندی ذمہ دار شہری ہونے کی علامت ہے۔ ہیلمٹ کے باقاعدہ استعمال اور روڈ رولز کی پیروی سے نہ صرف اپنی جان بلکہ دوسروں کی زندگیاں بھی محفوظ بنائی جا سکتی ہیں۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق عوامی آگاہی کے لیے ایسی سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ حادثات میں ممکنہ کمی لائی جا سکے۔
