زیارت میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام، لیویز اور انتظامیہ کی کارروائی میں پانچ افغان دہشتگرد گرفتار

بلوچستان کے ضلع زیارت میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ اس وقت ناکام بنا دیا گیا جب لیویز فورس اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو سپیرا رغہ لیویز چیک پوسٹ سے گرفتار کر لیا۔ ڈپٹی کمشنر زیارت کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کا تعلق افغانستان کے صوبے قندھار سے ہے اور یہ لوگ بلوچستان میں بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور مواصلاتی آلات برآمد ہوئے جن میں 11 ہینڈ گرینیڈ، 3 ایس ایم جیز، 2 ایم فور رائفلز (پارٹس کی صورت میں)، ایک گرینیڈ لانچر، 9 ایم فور میگزینز، 14 ایس ایم جی میگزینز، 420 ایس ایم جی راؤنڈز، 230 ایم فور راؤنڈز، ایک کلو بارودی مواد، 6 وائرلیس سیٹس، 4 موبائل فونز، 2 آر پی جیز، ایک ڈگر، 13 ایمونیشن بیگز، 16 پاور سیلز، 15 ایس ایم جی گرینیڈز، ایک سوزوکی کیری وین، ایک موٹر سائیکل اور کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کا لٹریچر شامل ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کامیاب کارروائی پر ڈپٹی کمشنر زیارت، لیویز فورس اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے بروقت آپریشنز امن دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومتِ بلوچستان صوبے میں امن و استحکام کے لیے تمام وسائل استعمال کر رہی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھرپور پشت پر کھڑی ہے تاکہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔

Exit mobile version