دبئی ایئر شو میں تیجس طیارہ تباہ ، بھارتی لڑاکا طیاروں کی عالمی ساکھ کو شدید دھچکا

دبئی ایئر شو میں بھارتی ساختہ تیجس لڑاکا طیارے کی تباہی نے عالمی اسلحہ خریداروں میں بھارت کی ساکھ کو سخت نقصان پہنچایا ہے۔ بھارت گزشتہ 40 برسوں سے اپنے جنگی طیارے عالمی منڈی میں فروخت کرنے کی کوشش کر رہا تھا، لیکن مگ 29 طیاروں کی بار بار تباہی کے بعد اس نے امیدیں تیجس پروگرام سے وابستہ کی تھیں۔ تاہم اب تیجس طیاروں کے حادثات نے بھارتی طیارہ ساز صلاحیت پر مزید سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پاکستان نے چین کے ساتھ مل کر جے ایف 17 تھنڈر تیار کیا، جو اب ایک دوست ملک کو بھی سپلائی کیا جا رہا ہے، جب کہ بھارت کا اپنا لڑاکا طیارہ پروگرام بارہا مشکلات سے دوچار ہے۔

جمعے کو ہونے والے حادثے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آئیں، مگر بھارتی فضائیہ پہلے ہی فائٹر اسکواڈرنز کی کمی پر فکرمند ہے، جو منظور شدہ تعداد 42 سے گھٹ کر 29 رہ گئی ہے۔ بھارتی فضائیہ کے ایک افسر کے مطابق تیجس کو مگ 29، جیگوار اور میراج 2000 کا متبادل بننا تھا، مگر اس کی پیداوار میں سنگین رکاوٹیں موجود ہیں۔

بھارتی دفاعی حکام نے مزید فرانسیسی رافیل طیاروں کی خریداری کے ساتھ ساتھ امریکی ایف 35 اور روسی ایس یو 57 جیسے ففتھ جنریشن طیاروں کی پیشکشوں پر بھی غور شروع کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حکومت تیجس کے حوالے سے اس قدر محتاط ہے کہ نہ وہ یومِ جمہوریہ پریڈ میں شامل ہوا اور نہ ہی پاکستان کے ساتھ رواں برس مئی میں ہونے والی 4 روزہ کشیدگی کے دوران اس کا استعمال کیا گیا۔ اس فیصلے کی کوئی باضابطہ وجہ سامنے نہیں آئی۔

Exit mobile version