ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ نے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ بدھ کو نیپیئر میں کھیلے گئے 3 میچز کی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں شائی ہوپ نے شاندار 109 رنز کی ناقابل شکست سنچری بنائی، جس کے ساتھ وہ 13 مختلف ٹیموں کے خلاف سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹر بن گئے۔
شائی ہوپ نے تمام 11 فل ممبر ٹیموں کے علاوہ نیدرلینڈز اور نیپال کے خلاف بھی سنچریاں اسکور کی ہیں، جس نے انہیں کرکٹ کی تاریخ میں منفرد مقام دلایا۔ انہوں نے کرس گیل اور سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ ریکارڈ قائم کیا، جن کے نام 12 ٹیموں کے خلاف سنچریاں موجود تھیں۔

یہ شائی ہوپ کی ون ڈے میں 19ویں سنچری بھی ہے، جس کے ساتھ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ برائن لارا کے 19 سنچریوں کے ریکارڈ کو برابر کر دیا۔ واضح رہے کہ کرس گیل 25 سنچریوں کے ساتھ ویسٹ انڈیز کے سب سے زیادہ سنچری بنانے والے ون ڈے کھلاڑی ہیں۔
میچ کی تفصیلات کے مطابق، ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں پر 247 رنز بنائے۔ میزبان نیوزی لینڈ نے ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے 3 میچز کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کر لی۔





