جامعہ گجرات کے پراکٹوریل بورڈ کے پہلے اجلاس کا انعقاد، صدارت چیئر پرسن پراکٹوریل بورڈڈاکٹر عبدالماجد سندھو نے کی

گجرات (پ ر)جامعہ گجرات کے پراکٹوریل بورڈ کے پہلے اجلاس کا انعقاد حافظ حیات کیمپس میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئر پرسن پراکٹوریل بورڈڈاکٹر عبدالماجد سندھو نے کی۔ معاونت کا فریضہ ڈاکٹر سمیرا افشین اور ڈاکٹر مدثرنے سرانجام دیا۔ پراکٹوریل بورڈ کے اجلاس کا مقصد یونیورسٹی کیمپس پر روز مرہ سرگرمیوں کو بہتر سے بہترین کی جانب گامزن کرنا ہے۔ پراکٹوریل بورڈ کی اوّلین ذمہ داری مختلف سطح پر ڈسپلن قائم کرنا، قواعد و ضوابط کی پاسداری اور عمومی معاشرتی و تہذیبی اقدار کو پروان چڑھانا ہے۔ ڈاکٹر عبدالماجد سندھو نے پراکٹوریل بورڈ کے اراکین کو بتایا کہ سنڈیکیٹ کے50ویں اجلاس میں یونیورسٹی کے سٹاف اور طلبہ کے لیے یونیورسٹی کیمپس پر ضابطہ اخلاق کی منظوری دی جا چکی ہے۔ اس ضابطہ اخلاق میں طلبہ اور اساتذہ و انتظامیہ کے اخلاق و روّیوں بارے مختلف شقیں شامل کی گئی ہیں۔ ضابطہ اخلاق کی پیروی ہماری انفرادی و اجتماعی زندگی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ یونیورسٹی میں تدریس کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی اہم ذمہ داری طلبہ کی کردار سازی اور ان کی شخصیت و اخلاق کی مثبت تعمیر ہے۔ جامعہ گجرات میں پراکٹوریل بورڈ کی تشکیل نو کی جا چکی ہے۔ مختلف شعبہ جات سے منتخب پراکٹر اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھاتے ہوئے یونیورسٹی ڈسپلن کو بہترین بنانے میں کامیاب ہونگے۔ طلبہ کی جانب سے اساتذہ وسٹاف و سکیورٹی گارڈوں کے ساتھ بد تمیزانہ روّیہ، مختلف قسم کی ہراسگی، ساتھی طلبہ کے ساتھ بد سلوکی و بد تمیزی، طالب علموں کا اپنے یونیورسٹی کارڈ آویزاں نہ کرنا، ڈریس کوڈ کو ملحوظ خاطر نہ رکھنا، مختلف مقامات پر غیر ضروری طور پر بیٹھے رہنا اور سب سے بڑھ کر سگریٹ نوشی یا کسی بھی قسم کی سموکنگ قابل گرفت حرکات و سکنات ہیں اور ان حرکات میں ملوث یونیورسٹی طالب علموں کو جرمانہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ اس سلسلہ میں طلبہ کو پیشگی باخبر کرنے کے لیے وسیع پیمانہ پر ایک آگاہی مہم چلائی جائے گی تاکہ کوئی طالب علم یہ عذر نہ پیش کر سکے کہ مجھے اس امر بابت معلوم نہ تھا۔ پراکٹوریل بورڈ کے اراکین نے اس آگاہی مہم کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے مختلف تجاویز و سفارشات بھی پیش کیں۔

Exit mobile version