اکتوبر 29, 2026

رانا خالد اکرم کی زیر قیادت وفد کی وفاقی وزیر امیر مقام سے ملاقات

اسلام آباد(ادریس احمد سے ) وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر انجینئر امیر مقام سے مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے سینئر نائب صدر رانا خالد اکرم نے اسلام آباد میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور خیرمقدمی کلمات کے ساتھ گفتگو کا آغاز کیا۔وفد کی قیادت رانا خالد اکرم کر رہے تھے، جبکہ وفد میں سعودی عرب کے معروف تاجر راجہ ذوالفقار محمود، محمد کرامت راٹھور اور محمد فاروق عطا شامل تھے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، پارٹی امور اور تنظیمی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا رانا خالد اکرم نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل، تجاویز اور توقعات سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر انجینئر امیر مقام نے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت ان کے مسائل کے حل اور سہولتوں میں اضافے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔