ادبی تنظیم "اظہار” کے زیر اہتمام یومِ اقبال کی مناسبت سے پروقار تقریب

الریاض (ادریس احمد)سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں علمی و ادبی تنظیم "اظہار” کے زیر اہتمام یومِ اقبال کے حوالے سے ایک پروقار اور بامقصد تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ماہرینِ تعلیم، ماہرینِ معاشیات، انجینئرز، ڈاکٹرز، شعرا اور ادب دوست شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی،تقریب کی صدارت پروفیسر عظمت اللہ بھٹہ نے کی، جبکہ عمر فاروق مہمانِ خصوصی تھے۔ مقررین میں ڈاکٹر راشد محمود، چوہدری منصور محبوب، شاہد خیالوی اور عدنان احمد شامل تھے، جنہوں نے اپنے خطاب میں فکرِ اقبال کو عصرِ حاضر کی فکری و سماجی ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کا فلسفہ خودی آج کی دنیا میں نوجوان نسل کے لیے راستہ متعین کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے،تقریب کے ادبی حصے میں پاکستان کے ممتاز شعراء نے اپنے خوبصورت اور فکر انگیز کلام سے محفل کو چار چاند لگا دیے۔ زاہد جرپالوی، صابر امانی، فیصل اکرم گیلانی، منظر ہمدانی، پیر اسد کمال، انیب ارشد، یاسر یونس اور عثمان منور نے اپنے اشعار پیش کیے، جنہیں شرکاء نے بھرپور داد سے نوازا،تقریب کے دوران "قومی مقابلۂ نظم” کے پوزیشن ہولڈرز فرحت منیر، انسا عمر، راز محمد افراز اور سمیع اللہ عبد الوحید میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے،شرکاء نے تنظیم "اظہار” کی اس کاوش کو نہایت سراہا اور اسے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں میں اقبالی فکر کے فروغ کے لیے ایک مثبت اور مستحسن قدم قرار دیا۔

Exit mobile version