جہلم میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی گرین ٹریکٹر اسکیم کے تحت 39 خوش نصیب کسانوں میں سبسڈی والے ٹریکٹر تقسیم کیے گئے۔ ٹریکٹرز کی تقسیم کی یہ تقریب جہلم میں منعقد ہوئی جہاں وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے جہلم، دینہ اور سوہاوہ کے کسانوں میں ٹریکٹرز تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پنجاب حکومت کسانوں کو سبسڈی فراہم کرکے صوبے میں زراعت کے شعبے کو جدید بنیادوں پر استوار کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ای میکنائزیشن پنجاب میں جدید زرعی دور کے آغاز کی علامت ہے، اور کسانوں کی ترقی ہی دراصل پاکستان کی معاشی مضبوطی کی بنیاد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زراعت ملک کی معاشی اور صنعتی ترقی کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ سپر سیڈرز سمیت جدید زرعی مشینری کے استعمال سے صوبے میں جدید کاشتکاری کے فروغ کو تقویت مل رہی ہے۔ بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور ملکی معاشی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، جبکہ حکومت کا مقصد زراعت کو ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ہے تاکہ پیداوار میں اضافہ ہوسکے اور کسان معاشی طور پر مضبوط ہوں۔
