اکتوبر 29, 2026

اس بار زیادہ ڈیلیور کریں گے، ہر فیصلہ عوامی مفاد میں ہوگا: سہیل آفریدی

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ اس بار حکومت پہلے سے زیادہ ڈیلیور کرکے دکھائے گی اور تمام پالیسیاں مکمل طور پر عوامی مفاد کو سامنے رکھ کر بنائی جائیں گی۔ پشاور بیوٹی فکیشن پروگرام کی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پشاور صوبے کا دل اور دارالخلافہ ہے، اس لیے اسے خوبصورت بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ کے پی کے عوام نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور وفاق کے ذمے صوبے کے 2200 ارب روپے نیٹ ہائیڈل پروفٹ کی مد میں واجب الادا ہیں۔ قبائلی اضلاع کے لیے 700 ارب روپے کے فنڈز مقرر تھے جن میں سے 500 ارب اب تک جاری نہیں کیے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت کے پی کا شیئر 19.4 فیصد بنتا ہے، لہٰذا وفاق کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں اور صوبے کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا رویہ اختیار نہیں کرنا چاہیے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اس بار حکومت شفافیت اور کارکردگی دکھائے گی، قانون میں کسی کو استثنیٰ نہیں دیا جائے گا اور ہر پالیسی عوامی بھلائی کے لیے بنے گی۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ سیاسی جدوجہد بانی کے وژن کے مطابق جاری رہے گی اور نتائج جلد نظر آئیں گے۔