ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز: پاکستان شاہینز کی بھارت اے پر شاندار فتح، سیمی فائنل میں رسائی یقینی

ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں پاکستان شاہینز نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت اے کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ قطر کے دارالحکومت دوحا میں کھیلے گئے اہم گروپ میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ٹیم کے حق میں بہترین ثابت ہوا۔ بھارت اے کی ٹیم دباؤ میں نظر آئی اور پوری ٹیم 19 اوورز میں 136 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے سوریا ونسی نے 45 رنز اور نمن دھیر نے 35 رنز کی اننگز کھیلیں، تاہم باقی بیٹنگ لائن اپ بری طرح ناکام رہی اور آخری آٹھ وکٹیں مجموعی اسکور میں صرف 45 رنز کا اضافہ کرسکیں۔

پاکستان کی جانب سے باؤلرز نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ شاہد عزیز نے 24 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ معاذ صداقت اور سعد مسعود نے دو دو وکٹیں اپنے نام کیں۔ سفیان مقیم، عبید شاہ اور احمد دانیال نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان شاہینز کی بیٹنگ شاندار رہی اور معاذ صداقت نے فرنٹ سے لیڈ کرتے ہوئے صرف 47 گیندوں پر 79 رنز کی ناقابلِ شکست، جارحانہ اننگز کھیلی جس میں سات چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ پاکستان نے مقررہ ہدف 13 اعشاریہ 2 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔ ان کے ساتھ محمد فائق نے 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہ کر حصہ ڈالا، جبکہ محمد نعیم نے 14 اور یاسر نے 11 رنز جوڑے۔

یہ فتح پاکستان شاہینز کی ٹورنامنٹ میں دوسری کامیابی ہے جس کے بعد ٹیم نے سیمی فائنل میں اپنی جگہ مستحکم کرلی ہے۔ پاکستان شاہینز اپنا آخری گروپ میچ 18 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گی۔

Exit mobile version