منڈی بہاوالدین (ڈاکٹر شاہد راٹھور سے) عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت، انتظامیہ اور اراکینِ پارلیمان کی اولین ذمہ داری ہے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں سہولیات کے فقدان اور مریضوں کو ایمرجنسی کی حالت میں دوسرے شہروں کے ہسپتالوں میں ریفر کیے جانے پر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (PMA) کے ضلعی صدر ڈاکٹر طارق محمود چدھڑ اور پیپلز پارٹی پنجاب کونسل کے رکن و سابق چیئرمین یونین کونسل واسو نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مسیحا ہیں، جن کا فرض ہے کہ وہ مریض کے ساتھ خوش اخلاقی، عزت اور شفقت سے پیش آئیں، اس کی تکلیف کو کم کرنے کی کوشش کریں، تحمل سے بات سنیں اور پوری توجہ کے ساتھ علاج کریں تاکہ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ منڈی بہاوالدین کے ڈی ایچ کیو، سٹی ہسپتال اور چلڈرن ہسپتال میں سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت، انتظامیہ اور اراکینِ اسمبلی کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔ 25 لاکھ آبادی پر مشتمل ضلع کے عوام آج بھی صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، جو نہ صرف افسوسناک بلکہ مجرمانہ غفلت ہے۔ ڈاکٹر طارق محمود چدھڑ نے مزید کہا کہ PMA اور ڈاکٹرز کا کردار صرف مسائل کی نشاندہی تک محدود نہیں ہونا چاہیے، بلکہ دستیاب وسائل میں مریضوں کی بہتر دیکھ بھال اور علاج معالجے پر مکمل توجہ دینا ضروری ہے۔ خوش اخلاقی سے مریض کے مرض میں بہتری آتی ہے، اس لیے ڈاکٹرز کو اپنے فریضے کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول کے لیے بھی کوشاں رہنا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ صرف مریضوں کو ریفر کر دینے سے ذمہ داری پوری نہیں ہوتی، بلکہ ہم سب کو اپنے اپنے دائرۂ کار میں عملی کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ضلع کے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔





