کیڈٹ کالج وانا: تمام طلبہ و اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا، آپریشن جاری

سکیورٹی ذرائع کے مطابق کالج میں موجود تمام طلبہ اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ حملے کے وقت کالج میں تقریباً 650 افراد موجود تھے جن میں 525 کیڈٹس شامل تھے۔ سکیورٹی فورسز نے حکمتِ عملی اور احتیاط کے ساتھ آپریشن کو آگے بڑھایا تاکہ کیڈٹس کی جانوں کو کسی قسم کا خطرہ لاحق نہ ہو۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ابتدائی کارروائی میں دو حملہ آور ہلاک کر دیے گئے تھے جبکہ تین خوارج کالج کے احاطے میں داخل ہو گئے تھے اور وہ بعد ازاں ایڈمنسٹریٹو بلاک میں محصور ہو گئے تھے۔ سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ کالج کے اندر چھپے خوارج افغانستان میں اپنے ہینڈلرز کے ساتھ رابطے میں تھے اور ہدایات وصول کر رہے تھے۔

ذرائع نے مزید کہا کہ آپریشن احتیاط سے کیا جا رہا تھا تاکہ بچوں اور عملے کی حفاظت کو ہر حال میں یقینی بنایا جا سکے، اور اب آپریشن جامع انداز میں حتمی انجام تک پہنچایا جائے گا ، آخری خوارج کو ہلاک کرنے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔ سکیورٹی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ کالج کے تمام طلبہ و اساتذہ کے حوصلے بلند ہیں اور وہ محفوظ مقام پر منتقل کر دیے گئے ہیں۔

پہلے کے بیانات کے مطابق حملے میں کالج کے مرکزی گیٹ کو بارودی گاڑی کے ٹکرانے سے نقصان پہنچا تھا اور ملحقہ انفراسٹرکچر کو بھی نقصان ہوا تھا۔ پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے علاقے میں موجود ہیں اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

Exit mobile version