جنوبی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز نے کیڈٹ کالج وانا پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا، دو خوارج ہلاک

کیڈٹ کالج وانا پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا، کارروائی میں دو خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ تین دہشت گرد کالج کے احاطے میں محصور ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ حملہ بھارتی سرپرستی یافتہ گروپ "فتنہ الخوارج” کی جانب سے کیا گیا۔ حملہ آوروں نے کالج کی ابتدائی سیکیورٹی لائن توڑنے کی کوشش کی تاہم فورسز نے ان کے منصوبے کو فوری طور پر ناکام بنا دیا۔

مایوسی میں دہشت گردوں نے مین گیٹ پر بارودی مواد سے بھری گاڑی ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں گیٹ اور ملحقہ عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دو حملہ آور مارے گئے جبکہ تین دہشت گرد ایڈمن بلاک کے اندر محصور ہیں اور افغانستان میں موجود اپنے ہینڈلرز سے رابطے میں ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں کا مقصد اے پی ایس حملے جیسا سانحہ دہرانا تھا تاکہ قبائلی علاقوں کی نوجوان نسل میں خوف و ہراس پھیلایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان دہشت گردوں اور ان کے افغانستان میں موجود سرپرستوں کے خلاف کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

ترجمان کے مطابق افغان طالبان کے دعوؤں کے برعکس افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی ایک حقیقت ہے۔
پاک فوج نے کہا ہے کہ بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے خلاف کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

Exit mobile version