نیپال نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی میں تاریخی کامیابی حاصل کرلی

شارجہ: نیپال کرکٹ ٹیم نے بین الاقوامی کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے دو بار کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ چیمپئن ویسٹ انڈیز کو 19 رنز سے شکست دے دی۔ یہ نیپال کی کسی فل ممبر ٹیم کے خلاف پہلی کامیابی ہے۔

ہفتے کے روز شارجہ میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر نیپال کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیپال نے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔ روہت نے 38 جبکہ کوشل ملا نے 30 رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں۔

جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر صرف 129 رنز ہی بنا سکی۔ عامر جانگو اور ایلن نے 19، 19 رنز اسکور کیے، تاہم کوئی بھی بیٹر بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہا۔

اس سے قبل 2014 میں نیپال نے افغانستان کو شکست دی تھی، مگر اُس وقت افغانستان آئی سی سی کا فل ممبر نہیں تھا۔

نیپال کی یہ جیت نہ صرف ٹیم کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے بلکہ عالمی کرکٹ میں نئے امکانات کے دروازے بھی کھولتی ہے۔

Exit mobile version