اکتوبر 29, 2026

پنجاب کے اساتذہ کے حقوق پامال؟ پینشن بندش، لیو ان کیشمنٹ کا خاتمہ اور چھٹیوں پر بھی پابندی ، ملازمین میں شدید تشویش

کھاریاں (طاہر اقبال سے) محکمہ تعلیم پنجاب نے غیر متوقع اقدامات کرتے ہوئے ملازمین کے بنیادی حقوق کو کمزور کرنے کی راہ اپنائی ہے۔ حال ہی میں جاری کیے گئے نوٹیفیکیشنز کے تحت پینشن کی بندش، لیو ان کیشمنٹ کا خاتمہ اور چھٹی لینے پر پابندی جیسے اقدامات نافذ کیے گئے ہیں، جنہوں نے اساتذہ میں شدید تشویش اور غم و غصہ پیدا کر دیا ہے۔

اساتذہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات نہ صرف ان کے مالی استحکام کو مجروح کرتے ہیں بلکہ انہیں بنیادی مراعات سے محروم کرنے کی کوشش ہے۔ اس بات پر غم و غصہ اس لیے بھی بڑھا ہے کہ محکمہ اور افسران اپنا وقت یونین لیڈروں کی فوٹو سیشنز اور نئے تعینات ہیڈ ماسٹروں کو مبارکباد دینے میں ضائع کرتے دکھائی دیتے ہیں، مگر ملازمین کے حقوق کے حوالے سے کوئی مؤثر آواز نہیں اٹھاتے۔

اساتذہ یونین اور خود اساتذہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ حکومت فوری طور پر ان ظالمانہ اقدامات واپس لے اور ملازمین کو ان کے جائز حقوق بحال کرے۔