کھاریاں (طاہر اقبال سے) پنجاب میں E-Transfer کا عمل تیزی سے جاری ہے اور تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اس فیز میں مجموعی طور پر 41,344 اساتذہ نے اپنی ٹرانسفر کی درخواستیں جمع کروائی ہیں۔ اس میں مرد اساتذہ کی تعداد 16,446 اور خواتین اساتذہ کی تعداد 24,898 ہے، جو کہ اس عمل کا اب تک کا سب سے بڑا فیز قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ درخواستیں 25 ستمبر سے 27 ستمبر 2025 کے دوران موصول ہوئی ہیں اور اس دوران بہت زیادہ اساتذہ نے اپنی جگہ تبدیل کروانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
E-Transfer سسٹم اسکولوں اور اساتذہ کی خود رپورٹنگ پر مبنی ہے، جس کی بعد میں متعلقہ تعلیمی دفاتر کی طرف سے تصدیق کی جائے گی تاکہ شفافیت اور درستگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس اہم عمل سے اساتذہ کو اپنے تعلیمی اداروں کی تبدیلی کے حوالے سے سہولت میسر آئے گی، اور پنجاب بھر میں تعلیمی نظام میں بہتری اور استحکام لانے میں مدد ملے گی۔





