حارث رؤف پر عائد جرمانہ اپنی جیب سے ادا کروں گا: چیئرمین محسن نقوی کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایشیا کپ 2025 میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران حارث رؤف پر عائد جرمانہ اپنی جیب سے ادا کریں گے۔

21 ستمبر کو بھارت کے خلاف میچ میں فاسٹ بولر حارث رؤف نے وکٹ لینے کے بعد اور باؤنڈری لائن کے قریب فیلڈنگ کے دوران بھارتی تماشائیوں کی ہوٹنگ کا جواب دیا اور طیارہ تباہ ہونے کا اشارہ کیا تھا، جس پر آئی سی سی نے انہیں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 30 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد کیا تھا۔ اسی میچ میں صاحبزادہ فرحان نے ففٹی اسکور کرنے کے بعد بلے کو بناوٹی گن بنا کر فائر کرنے کا اشارہ دیا تھا، لیکن ان کے خلاف کوئی سخت کارروائی نہیں کی گئی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ اور مداحوں کی جانب سے شکایت کے بعد حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان میچ ریفری کے سامنے پیش ہوئے۔ میچ ریفری نے حارث رؤف کو سزا دی، جبکہ صاحبزادہ فرحان کو وارننگ دی گئی۔

محسن نقوی نے اس فیصلے پر کہا کہ وہ خود حارث رؤف کا جرمانہ ادا کریں گے تاکہ کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند رہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

ادھر، آئی سی سی نے 14 ستمبر کو پاک بھارت میچ کے بعد پریزنٹیشن میں بھارتی کپتان سوریہ کمار یادیو کو بھی متنازع گفتگو پر 30 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد کیا تھا۔

Exit mobile version