گجرات میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آئندہ عام انتخابات میں زبردست سرپرائز دے گی اور پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری عوامی مینڈیٹ کے ذریعے ملک کے وزیراعظم بنیں گے۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ لاہور میں پیپلز پارٹی کو بحال کر دیا ہے اور لاہور میں ہونے والے حالیہ جلسے نے دوسری سیاسی جماعتوں کو پریشان کر دیا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پیپلز پارٹی اپنے کارکنوں اور جیالوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور بہت جلد گجرات میں بھی بھرپور جلسہ منعقد کیا جائے گا۔
گورنر پنجاب نے کارکنوں کو ہمت اور حوصلہ دیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی ملکی سیاست میں ایک بار پھر مضبوط اور مؤثر انداز میں سامنے آئے گی۔
