اسرائیل مشرق وسطیٰ کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل اپنی جارحانہ پالیسیوں سے پورے خطے کو تباہی کی طرف لے جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نہ صرف فلسطینیوں کے خلاف غیرقانونی طاقت استعمال کر رہا ہے بلکہ ایران، قطر، لبنان، شام، یمن اور عراق جیسے ممالک میں بھی مسلسل جارحیت کر رہا ہے۔

روسی وزیر خارجہ نے مغربی طاقتوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایران پر پابندیاں دوبارہ عائد کروانے کی کوششیں بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے میں صرف اسرائیل ہی نہیں، بلکہ کچھ مغربی ممالک بھی برابر کے شریک ہیں۔

اپنے خطاب میں سرگئی لاوروف نے بھارت کے ساتھ روس کے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روس اور بھارت کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو کوئی خطرہ نہیں ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط اور مستحکم ہیں۔

یوکرین جنگ سے متعلق روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ نیٹو اور یورپی ممالک کی طرف سے روس پر حملے کی تیاریوں کا الزام بے بنیاد ہے۔ ان کے مطابق صدر ولادیمیر پیوٹن خود ان الزامات کی تردید کر چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر روس کے خلاف کوئی بھی عملی قدم اٹھایا گیا تو اس کا فیصلہ کن اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔

سرگئی لاوروف نے کہا کہ روس یوکرین تنازع کے پرامن حل کے لیے دیانت داری کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم روس کی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

Exit mobile version