ڈنگہ:( احتشام اللہ اسلم) انچارج گورنمنٹ تحصیل لیول سول ہسپتال ڈنگہ ڈاکٹر محمد اکمل نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی 9 سے 14 سال کی بچیوں کو HPV (ہیومن پیپیلوما وائرس) ویکسین بلا خوف لگوائیں تاکہ انہیں مستقبل میں بچہ دانی کے منہ کے کینسر سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ڈاکٹر محمد اکمل نے بتایا کہ یہ ویکسین عالمی ادارہ صحت (WHO) کی منظور شدہ اور پاکستان میں حکومت کی جانب سے مفت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس ویکسین کا مقصد بچہ دانی کے منہ کے کینسر کا خطرہ بہت حد تک ختم کرنا ہے۔ پاکستان میں اس کے لیے چین کی تیار کردہ "Cecolin” ویکسین استعمال کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اس ویکسین کے خلاف گمراہ کن مہم چلائی جا رہی ہے جس سے والدین میں خوف پایا جا رہا ہے، لیکن یہ مکمل طور پر محفوظ ہے اور اس میں کسی بھی قسم کے سنگین مضر اثرات کا امکان نہیں۔ ڈاکٹر محمد اکمل نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنی بچیوں کو بلا خوف اس ویکسین کے لیے لے آئیں تاکہ انہیں اس مہلک بیماری سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ڈاکٹر محمد اکمل نے مزید کہا کہ کینسر ایک تکلیف دہ اور مہلک بیماری ہے اور بچہ دانی کے منہ کا کینسر خواتین میں خاص طور پر خطرناک ہے۔ اس ویکسین کی فراہمی ہمارے لیے ایک بڑی طبی نعمت ہے، اس لیے والدین کو چاہیے کہ وہ اپنی بچیوں کو وقت پر ویکسین لگوائیں۔





