واشنگٹن: وزیراعظم شہباز شریف نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی شریک تھے۔اوول آفس میں ہونے والی یہ ملاقات ایک گھنٹہ 20 منٹ تک جاری رہی، تاہم اس دوران ہونے والی گفتگو کی تفصیلات میڈیا کے ساتھ شیئر نہیں کی گئیں۔

ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف واشنگٹن سے نیو یارک روانہ ہوگئے جہاں وہ آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔ملاقات سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو عظیم رہنما اور شاندار شخصیت قرار دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف جب پاکستانی وفد کے ہمراہ واشنگٹن کے اینڈریوز ایئربیس پہنچے تو ریڈ کارپٹ پر ان کا استقبال امریکی ایئر فورس کے اعلیٰ حکام نے کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم کا موٹرکیڈ سخت سکیورٹی حصار میں ائیر بیس سے وائٹ ہاؤس روانہ ہوا۔





