ورلڈ گیمز 2025: محمد آصف سیمی فائنل میں، پاکستان میڈل سے ایک فتح دور

چینگ ڈو (اسپورٹس ڈیسک)چین کے شہر چینگ ڈو میں جاری ورلڈ گیمز 2025 کے اسنوکر ایونٹ میں پاکستان کے کیوئسٹ محمد آصف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان ایک اور ورلڈ گیمز میڈل کے قریب پہنچ گیا ہے۔

زیک کوسکر کو دو فریمز میں شکست

محمد آصف نے اہم مقابلے میں برطانوی کھلاڑی زیک کوسکر کو 2-0 سے آؤٹ کلاس کر دیا۔انہوں نے پہلے فریم میں 51 کی شاندار بریک کے ساتھ 79-15 سے فتح حاصل کی، جب کہ دوسرا فریم 89-31 سے اپنے نام کر کے مخالف کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ دیا۔

میڈل صرف ایک جیت کی دوری پر

محمد آصف اب ورلڈ گیمز میڈل سے محض ایک فتح کی دوری پر ہیں۔اگر وہ سیمی فائنل جیت جاتے ہیں تو پاکستان کے لیے سلور یا گولڈ میڈل یقینی ہو جائے گا۔اگر شکست ہوتی ہے تو وہ برانز میڈل کے لیے پلے آف میچ کھیلیں گے۔

ورلڈ گیمز میں پاکستان کی تاریخ

قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان نے ورلڈ گیمز کی تاریخ میں صرف ایک میڈل جیتا ہے۔یہ اعزاز شوکت علی نے 2001 کے ورلڈ گیمز میں برانز میڈل حاصل کر کے پاکستان کے نام کیا تھا۔ اب دو دہائیوں بعد، محمد آصف کے ہاتھوں ایک اور تاریخی موقع پاکستان کے دروازے پر ہے۔

Exit mobile version