پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق شدت پسندوں کے ساتھ ہونے والا جرگہ ناکام ہونے کے بعد یہ اقدام اٹھایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قبائلی عمائدین نے دہشتگردوں سے علاقہ چھوڑنے سمیت تین مطالبات کیے تھے، تاہم انہوں نے انکار کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق تحصیل ماموند کے دو علاقوں میں تقریباً 300 شدت پسند موجود ہیں جن میں سے 80 فیصد سے زائد غیرملکی ہیں۔تحصیل ماموند کی آبادی تین لاکھ سے زائد ہے جن میں سے 40 ہزار سے زیادہ لوگ اپنا علاقہ چھوڑ چکے ہیں۔ کمشنر مالاکنڈ عابد وزیر کے مطابق متاثرین کے لیے 107 سرکاری عمارتوں میں رہائش کا انتظام کیا جا رہا ہے، جبکہ خار اسپورٹس کمپلیکس میں خیمہ بستی بھی قائم کی جائے گی۔ متاثرین کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔





