آدھا شہر تباہ، کاروباری سرگرمیاں متاثر، مین بازار ڈنگہ کو زنجیروں سے آزاد کر کے کل وقتی ٹریفک وارڈن تعینات کئے جائیں؛ ڈنگہ کو حق دو تحریک کے سربراہ ڈاکٹر حافظ محمد ادریس کا مطالبہ

امیر جماعت اسلامی ڈنگہ شہر و سربراہ ڈنگہ کو حق دو تحریک ڈاکٹر حافظ محمد ادریس نے مطالبہ کیا ہے کہ مین بازار ڈنگہ کے چاروں طرف لگائی گئی زنجیریں کھول کر ٹریفک رواں رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں۔ٹریفک کنٹرول کرنے کے نام پر شہر کے تباہی سے بچے ہوئے واحد تجارتی مرکز کو زنجیریں لگا کر چاروں طرف سے بند کرنے سے کاروباری سرگرمیاں، جو پہلے سے ہی شدید متاثر تھیں، مزید مندے کا شکار ہو گئی ہیں۔ زنجیروں کے دہانے پر رکشہ سٹینڈ قائم ہونے اور گردو و نواح سے آنے والی گاڑیاں پارک ہونے کے نتیجے میں، مین بازار میں خریداروں کی آمد میں نمایاں کمی واقع ہو چکی ہے۔ یہی نہیں بلکہ ٹریفک کی صورت حال بھی بدتر سے بدترین ہو گئی ہے۔ دنیا میں کہیں بھی ایسا نہیں ہوتا کہ ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے راستے ہی بند کر دئیے جائیں۔ ستم بالائے ستم یہ کہ زنجیروں کے باوجود سارا دن مین بازار میں ایسی بدنظمی ہوتی ہے کہ پیدل چلنا تک دوبھر ہو جاتا ہے۔ ایسے میں گرد نواح سے آنے والے خریدار، جو تجاوزات آپریشن کے باعث پہلے ہی بڑی تعداد میں دوسرے شہروں کا رخ کر چکے ہیں، مزید کترانے لگے ہیں۔ نتیجتا بازار میں کاروباری سرگرمیاں مندے کا اور تاجر پریشانی کا شکار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فی الفور زنجیریں کھول کر بوہڑ چوک پر اور مین بازار کے اندر کل وقتی بنیادوں پر ٹریفک وارڈن تعینات کئے جائیں۔

Exit mobile version