نومبر 1, 2026

نماز: عبادت بھی، صحت بخش تحریک بھی

تحریر: ڈاکٹر تصور حسین مرزا

دنیا بھر میں صحت، تندرستی اور جسمانی چستی کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ ہر ذی شعور انسان جانتا ہے کہ متوازن غذا کے ساتھ ساتھ باقاعدہ ورزش انسان کو نہ صرف بیماریوں سے محفوظ رکھتی ہے بلکہ ذہنی سکون بھی عطا کرتی ہے۔ اسی مناسبت سے ایک سوال اکثر سامنے آتا ہے کہ کیا نماز ایکسرسائز یعنی ورزش ہے؟ یہ سوال سننے میں سادہ لگتا ہے، لیکن اس کا جواب دینا صرف ہاں یا نہ میں ممکن نہیں۔ کیونکہ نماز محض جسمانی حرکات نہیں بلکہ ایک مکمل دینی و روحانی نظام عبادت ہے، جس کے اندر سائنسی فوائد بھی پوشیدہ ہیں۔

نماز دینِ اسلام کا بنیادی ستون اور روحانی معراج ہے۔ دن میں پانچ وقت اللہ تعالیٰ سے تعلق استوار کرنے کا ذریعہ، دل کا سکون، اخلاقی تربیت اور روحانی پاکیزگی کا مکمل نظام ہے۔ جیسا کہ نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے: "نماز میری آنکھوں کی ٹھنڈک ہے” (سنن نسائی)۔ اس فرمان سے اندازہ ہوتا ہے کہ نماز محض رسمی فریضہ نہیں بلکہ قلب و روح کی راحت ہے۔ اس کا اثر انسان کے جسم اور دماغ دونوں پر پڑتا ہے۔

جدید سائنس نے نماز کے جسمانی اور ذہنی اثرات پر کئی مطالعات کیے ہیں۔ ماہرینِ طب کے مطابق نماز کے مختلف ارکان جیسے قیام، رکوع، سجدہ اور قعدہ کے ذریعے جسم کے جوڑ متحرک ہوتے ہیں۔ خاص طور پر گھٹنوں، کہنیوں، ریڑھ کی ہڈی اور کلائیوں کی اکڑاہٹ کم ہوتی ہے۔ پٹھے نرم رہتے ہیں اور عضلات میں مضبوطی آتی ہے۔ سجدے کے دوران جب سر زمین پر رکھا جاتا ہے تو دماغ کو اضافی آکسیجن فراہم ہوتی ہے، جس سے دورانِ خون بہتر ہوتا ہے اور دماغی تناؤ کم ہوتا ہے۔

اسی دوران جسم میں خوشی کے ہارمونز جیسے سیروٹونن اور ڈوپامین کی مقدار بڑھتی ہے، جو دماغی سکون، مثبت سوچ اور ارتکاز میں اضافہ کرتے ہیں۔ نماز کے رکوع اور سجدے کے دوران پیٹ پر ہلکا دباؤ پڑتا ہے، جو نظامِ ہضم کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق یہ حرکات پیٹ کی گیس، قبض اور بدہضمی جیسی شکایات میں کمی لاتی ہیں۔

اگرچہ نماز میں موجود حرکات کا موازنہ بعض ورزشوں جیسے Mild Yoga یا Stretching سے کیا جا سکتا ہے، مگر یہ بات سمجھنا ضروری ہے کہ نماز کا اصل مقصد جسمانی تندرستی نہیں بلکہ روحانی ارتقاء اور اللہ کی رضا کا حصول ہے۔ ورزش میں پسینہ، تھکن، سانس کی تیزی اور دل کی دھڑکن میں واضح اضافہ ہوتا ہے جبکہ نماز ایک پر سکون، باقاعدہ اور متوازن عمل ہے۔ ورزش کے پیچھے عمومی طور پر مقصد جسمانی طاقت، حسن یا فٹنس ہوتا ہے جبکہ نماز کا مقصد روح کی صفائی، نیت کی درستگی اور اللہ کی قربت ہے۔

یہ بھی حقیقت ہے کہ اگر کسی شخص کا طرزِ زندگی سست ہے یا وہ ضعیف العمر ہے تو نماز اس کے لیے ایک مفید جسمانی تحریک ہو سکتی ہے۔ تاہم اگر کوئی فرد وزن کم کرنا، جسمانی چُستی بڑھانا یا کیلوریز برن کرنا چاہتا ہے تو نماز کے ساتھ ساتھ چہل قدمی، ہلکی ورزش یا جاگنگ کو معمول کا حصہ بنانا ضروری ہوگا۔

اسلامی تعلیمات کا خاصہ یہ ہے کہ عبادات میں بھی انسانی فلاح کو شامل کیا گیا ہے۔ نماز صرف ایک روحانی عبادت ہی نہیں بلکہ وقت کی پابندی، جسمانی نظم، ذہنی توازن اور اخلاقی تربیت کا مکمل نصاب بھی ہے۔ ایک مسلمان دن میں پانچ بار معینہ وقت پر اپنے تمام کاموں سے الگ ہو کر اللہ کی بارگاہ میں کھڑا ہوتا ہے، جس سے نہ صرف اس کا وقت منظم ہوتا ہے بلکہ شخصیت میں بھی نکھار آتا ہے۔

نتیجہ کے طور پر ہم کہہ سکتے ہیں کہ نماز کو صرف "ورزش” قرار دینا اس کی روحانی عظمت کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ تاہم یہ بھی سچ ہے کہ نماز میں ایسے حرکات و سکنات موجود ہیں جو سائنسی طور پر صحت کے لیے مفید ثابت ہو چکی ہیں۔ اگرچہ نماز کا مقصد عبادت ہے، لیکن اس کے اندر پوشیدہ طبی فوائد بھی انسان کی جسمانی و دماغی صحت میں معاون ہیں۔

نماز روح، جسم اور عقل کی تربیت کا ایک جامع نسخہ ہے۔ جدید دنیا اور سائنسی تحقیق آج ان اثرات کو سمجھ رہی ہے، جنہیں اسلام نے چودہ صدیاں پہلے بیان کر دیا تھا۔ نماز محض فرض نہیں، بلکہ زندگی کے ہر پہلو کو سنوارنے والا انمول تحفہ ہے۔