کھاریاں +سرائے عالمگیر(راجہ طاہر اقبال+ڈاکٹر تصور حسین مرزا) ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر گوندل اور اسسٹنٹ کمشنر سرائے عالمگیر فاروق اعظم نے علی الصبح مختلف شہری علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی و نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ دونوں افسران نے مختلف علاقوں میں صفائی عملے کی موجودگی چیک کی، ان کی حاضری کو مانیٹر کیا اور صفائی کی صورتحال پر متعلقہ افسران سے رپورٹ طلب کی۔اسسٹنٹ کمشنرز نے سڑکوں، گلیوں اور بازاروں میں جا کر ستھرا پنجاب مہم کے تحت کیے جانے والے اقدامات کو پرکھا اور عملے کو ہدایت کی کہ صفائی کے معیار میں مزید بہتری لائی جائے۔ انہوں نے صفائی عملے کو متحرک رہنے اور کوڑا کرکٹ کو بروقت ٹھکانے لگانے کے احکامات جاری کیے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔اس موقع پر انہوں نے مختلف علاقوں میں قائم ڈسپوزل پوائنٹس، نکاسی آب کے نظام اور کچرا اٹھانے کے عمل کا بھی جائزہ لیا اور صفائی کے ناقص انتظامات پر متعلقہ حکام کو فوری اصلاحی اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ستھرا پنجاب مہم کے تحت صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور اس مہم میں غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔اسسٹنٹ کمشنرز نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ صفائی کا خاص خیال رکھیں اور اپنے علاقوں کو صاف ستھرا رکھنے میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ماحول کو صحت مند اور خوشگوار بنایا جا سکے۔
اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں اور اسسٹنٹ کمشنر سرائے عالمگیر کا علیٰ الصبح صفائی انتظامات کا جائزہ، حاضری چیک کی، ستھرا پنجاب مہم کے تحت صفائی یقینی بنانے کی ہدایت
