اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں کا سہولت بازار کا دورہ، اشیائے ضروریہ کے معیار اور قیمتوں کا جائزہ

کھاریاں (راجہ طاہر اقبال) ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں نے سہولت بازار کا دورہ کیا اور وہاں دستیاب اشیائے ضروریہ کے معیار، قیمتوں اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف اسٹالز پر جاکر آٹے، چینی، سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیاء کی قیمتوں اور دستیابی کو چیک کیا۔ انہوں نے بازار میں آنے والے خریداروں سے بھی بات چیت کی اور سہولت بازار میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں ان کی رائے معلوم کی۔انہوں نے بازار کے منتظمین کو ہدایت کی کہ اشیاء کی وافر دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور سرکاری نرخوں پر فروخت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ کسی بھی قسم کی گرانفروشی یا ناقص معیار کی اشیاء کی فروخت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر گجرات کی ہدایت کے مطابق رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے سہولت بازاروں کی نگرانی سخت کردی گئی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کا عمل جاری رہے گا۔

Exit mobile version