جولائی 12, 2026

جہلم: انسپکشن مہم، ڈی سی میثم عباس کا سول ہسپتال کا دورہ، ادویات کی فراہمی کیلئے فارمیسی کا معائنہ،انتظامیہ کیساتھ تفصیلی میٹنگ

جہلم(چوہدری سالک پسوال)ضلع جہلم کے شہریوں کو بہترین طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے انسپیکشن ٹیموں نے کام کا آغاز کر دیا، انسپیکشن مہم کے تحت ڈی سی جہلم میثم عباس کا سول ہسپتال کا دورہ، ادویات کی فراہمی کے لیے فارمیسی کا معائنہ۔ ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ تفصیلی میٹنگ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کے احکامات پر شہریوں کو بہترین طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے انسپیکشن مہم کے تحت ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے سول ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فارمیسی میں جا کر ادویات کی فراہمی اور سٹاک کا جائزہ لیا اس موقع پر ادویات لینے کے لیے آئے ہوئے شہریوں سے ڈپٹی کمشنر نے ملاقات کی اور ان سے ادویات کی دستیابی بارے معلومات حاصل کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ تفصیلی میٹنگ کی جس میں انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال سے متعلقہ شہریوں کی تمام شکایات کو دور کرنے کے لیے لائحہ عمل تیار کر کے اس پر فوری عمل کیا جائے حکومت پنجاب کی جانب سے محکمہ صحت سے متعلقہ شکایات پر سخت ایکشن لیا جا رہا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ہسپتال آنے والے تمام مریضوں کو مناسب علاج اور ادویات موقع پر فراہم کی جائے اور ان کو نجی ہسپتالوں یا نجی میڈیکل سٹورز پر ریفر کرنے کی روش کو ختم کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کہا کہ پنجاب حکومت کے احکامات پر انسپیکشن ٹیموں کی تشکیل ہو چکی ہے، جس کے تحت تمام متعلقہ افسران نے اپنے متعلقہ علاقوں میں ہسپتالوں کا دورہ کرنا شروع کر دیا ہے، افسران کے دورے کے دوران طبی سہولیات نہ ملنے یا ادویات کی عدم فراہمی بارے شکایات پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔