جہلم:جلال پور نہر سے متعلقہ شہریوں کی شکایات کو دور کرنے کیلئے تمام اقدامات عمل میں لائے جائیں گے:ڈپٹی کمشنر میثم عباس

جہلم(چوہدری سالک پسوال) جلال پور نہر سے متعلقہ شہریوں کی شکایات کو دور کرنے کے لیے تمام اقدامات عمل میں لائے جائیں گے، نہر کے پانی کی تمام کسانوں تک بلاتفریق سپلائی یقینی بنائی جائے گی اہل علاقہ کے تمام مسائل کو ان کی مشاورت سے ہی حل کیا جائے گا یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے جلال پور کندوال نہر کے حوالے سے اہل علاقہ کی شکایات اور تجاویز سنتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی فرخ الطاف اور پروجیکٹ ڈائریکٹر محکمہ نہر بھی موقع پر موجود تھے۔ اہل علاقہ نے نہر کی تعمیر، موگھوں کی تیاری، خریدی گئی زمینوں کے معاوضہ جات اور نہری پانی سے محروم رہ جانے والے علاقوں بارے مختلف مسائل بیان کیے۔ ڈپٹی کمشنر میثم عباس اور رکن قومی اسمبلی نے اہل علاقہ کے فرداً فرداً مسائل معلوم کئے اور ان کو یقین دہانی کروائی کہ جلال پور کندوال نہر ایک تاریخی منصوبہ ہے، اس کی تعمیر کے دوران اہل علاقہ کی مشاورت سے ضروری تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ آنے والے دنوں میں نہر کی تعمیر کو بہتر سے بہتر بنانے اور اہل علاقہ کے تمام تر تحفظات کو دور کرنے کے لیے آج کی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ہے، اہل علاقہ کی تجاویز اور شکایات کو نوٹ کر لیا گیا ہے جس کو اعلی حکام تک پہنچایا جائے گا اور تاکہ نہر کا کام جلد از جلد مکمل کرنے میں آسانی ہو اور اس نہر سے مستفید ہونے والے لاکھوں ایکڑ رقبہ کے مالک اہل علاقہ اور کسانوں کے تمام مسائل کو حل کیا جا سکے۔ اہل علاقہ نے ڈی سی جہلم میثم عباس اور رکن قومی اسمبلی کی طرف سے شکایات کا جائزہ لینے پر شکریہ ادا کیا اور نہر کی تعمیری کام میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

Exit mobile version