گجرات: کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے گجرات کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے میونسپل کارپوریشن گجرات دفتر کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک سے ملاقات کی۔ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کمشنر کو بتایا کہ گجرات شہر کے مختلف پارکس کو فیملیز کے لیے کھولا جا رہا ہے، جہاں صفائی، لائیٹنگ کے انتظامات اور جھولے نصب کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شہر کے مختلف چوراہوں و دیگر مقامات پر مانومنٹس یادگاریں نصب کی گئی ہیں تاکہ گجرات کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔ شہر کی بڑی شاہراہوں پر اسٹریٹ لائٹس کی مرمت مکمل کر لی گئی ہے اور انسداد تجاوزات مہم کے تحت اہم اقدامات ضلع بھر میں کیے جا رہے ہیں۔ کمشنر گوجرانوالہ نے گجرات کے مختلف علاقوں کا معائنہ کیا اور صفائی ستھرائی، سیورج و دیگر انتظامات، اور شہری سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔ کمشنر نوید حیدر شیرازی نے گجرات کے تاریخی رام پیاری محل کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے محل کی خوبصورتی اور تاریخی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس ورثے کی حفاظت اور دیکھ بھال کے عمل کو بہتر بنایا جا رہا ہے عوام اور سیاحوں کے لیے ایک بہترین تفریحی مقام ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شہر کی صفائی ستھرائی اور ترقی میں اپنا کردار ادا کریں اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔قبل ازیں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے چوک نواب صاحب کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بلڈنگز کا جائزہ لیا، علاقے میں صفائی کی صورتحال، تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کے بہاؤ کا تفصیلی جائزہ لیا۔





