چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے کہا ہے کہ یورپی نوجوان کشمیریوں کے انسانی حقوق کو بہتر طور پر اجاگر کرسکتے ہیں۔یومِ انسانی حقوق کے موقع پر کشمیر کونسل ای یو کے زیر اہتمام یورپی پریس کلب برسلز میں کشمیریوں کے انسانی حقوق کے حوالے سے یورپی نوجوانوں کی ایک روزہ کانفرنس منعقد ہوئی۔کانفرنس کا عنوان ’’امن کی جانب: مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کشمیریوں کے انسانی حقوق کے احترام کی ضرورت‘‘ رکھا گیا تھا۔ کانفرنس میں بڑی تعداد میں نوجوان خاص طور پر مختلف یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم طلباء شریک ہوئے اور انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی۔مقررین میں چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید، ممتاز دانشور شیراز راج، کونسلر چوہدری محمد ناصر، یورپی دانشور آندرے بارکس، پروفیسر روبینہ شاہ اور متحرک طلباء سلیمان صدیق، زروان غامدی، امینہ اقبال، شہزاد نواز، سید جعفر شاہ اور سید ہادی شاہ شامل تھے۔مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے ان خلاف ورزیوں کی فوری روک تھام کی اپیل کی۔انہوں نے یورپی یونین اور دیگر بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کے حقوق کی بحالی کےلیے مؤثر کردار ادا کریں، خاص طور پر حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی مدد کریں۔مقررین نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے یورپ کے مختلف ملکوں کے نوجوانوں میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کا عالمی دن دنیا بھر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کرنے اور متاثرہ افراد کے ساتھ یکجہتی کا موقع فراہم کرتا ہے۔
برسلز: یومِ انسانی حقوق پر کشمیر کونسل ای یو کے زیر اہتمام کانفرنس
