گجرات: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک، اراکین صوبائی اسمبلی چوہدری اعجاز احمدرنیاں اور چوہدری عبداللہ یوسف کی قیادت میں زراعت دفتر گجرات میں لائیوسٹاک کارڈز کی تقسیم کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ اس سکیم کے تحت اب تک ضلع بھر میں 500 افراد کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے، جن میں سے 204 افراد کو لائیوسٹاک کارڈز فراہم کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سکیم کے تحت فارمرز کو 13,50,000 روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں، جو چار ماہ کی مدت کے لیے دیے جا رہے ہیں۔ یہ قرضے مویشی پال فارمرز کو اپنے کاروبار کو وسعت دینے اور بہتر بنانے میں مدد فراہم کریں گے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر طاہر عزیز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سکیم کا مقصد دیہی معیشت کو مضبوط کرنا اور مویشی پال فارمرز کو ونڈا، منرل مکسچر، اور سائلج خریدنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ قرضے آسان اقساط میں دیے جائیں گے اور ان کی واپسی چار ماہ بعد شروع ہوگی۔ تقریب میں ڈائریکٹر زراعت عرفان اللہ وڑائچ نے بھی شرکت کی اور کہا کہ حکومت پنجاب کے اس تاریخی اقدام سے نہ صرف فارمرز کو سہولت ملے گی بلکہ دیہی معیشت کی بحالی اور استحکام میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے عوامی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے۔ تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر اور اراکین صوبائی اسمبلی نے 129 کسانوں کو لائیوسٹاک کارڈز تقسیم کیے۔ حاضرین نے حکومت کے اس اقدام کو بھرپور سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس سکیم سے فارمرز کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آئے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ رجسٹریشن کے لیے قریبی ویٹرنری ہسپتال یا متعلقہ دفاتر سے رجوع کریں۔ مزید مدد کے لیے PLC سپیس شناختی کارڈ نمبر 8070 پر میسج کریں یا ہیلپ لائن 0800-09211 پر رابطہ کریں۔