منڈی بہاؤ الدین:ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت ایڈز کے عالمی دن کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد

منڈی بہاؤ الدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت ایڈز کے عالمی دن کے حوالے سے ڈی سی آفس میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینارمیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل وقار اکبر چیمہ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد عابد یوسف، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر افتخار، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالق داد نسوانہ،ڈاکٹرز سمیت دیگر شرکاء بھی موجود تھے۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرعابد یوسف اور ڈی ایچ او ڈاکٹر افتخار نے ضلع میں ایچ آئی وی کے پازیٹو کیسز اور اس کے کنٹرول کے متعلق اٹھائے گئے حکومتی اقدامات اور ضروریات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔انہوں نے شرکاء کو ایڈز سے بچاؤ اور علاج کے جدید طریقوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کا کہنا تھا کہ ایڈزکے عالمی دن کو منانے کا مقصد ایڈز اور اس کے علاج سے متعلق لوگوں میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایڈز ایک انتہائی خطرناک مرض ہے لیکن یہ ایک قابل علاج مرض بھی ہے، اس سے متعلق آگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے۔ حکومت پنجاب عوام الناس کو صحت مند زندگی فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ایچ آئی وی مریضوں کو علاج معالجے سے متعلق تمام سہولیات مفت فراہم کی جارہی ہیں۔پاکستان میں پچھلے کچھ عرصہ سے ایڈز بڑی تیزی سے پھیل رہا ہے اس کی سب سے بڑی وجہ نوجوان طبقے میں منشیات کا بے پناہ استعمال اور جنسی بے راہ روی کا عمل دخل ہے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ایڈز سے بچاؤ کا واحد حل عوام الناس میں ذیادہ سے ذیادہ آگاہی اوراحتیاطی تدابیر پر عمل کرنے میں ہی ہے۔

Exit mobile version