گجرات (نمائندہ خصوصی) بیلاروس کے سفیر آندرے میٹلیسا کی خصوصی دعوت پر ضیاء سید کی قیادت میں وفد کا سفارتخانے کا دورہ۔ تفصیلات کے مطابق بیلاروس کے سفیر آندرے میٹلیسا کی خصوصی دعوت پر آل پاکستان فیڈریشن آف یونائیٹڈ ٹریڈ یونینز (APFUTU)کے وفد نے اسلام آباد میں واقع سفارتخانہ بیلاروس کا دورہ کیا۔ سفارتخانہ پہنچنے پر بیلاروس کے سفیر آندرے میٹلیسا نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا، وفد میں فیڈریشن کی صدر ثمینہ اشرف کامریڈ، جنرل سیکرٹری ضیاء سید، جوائنٹ سیکرٹری ذوالفقار علی باجوہ، یوتھ اینڈ سوشل میڈیا چیئرمین سید فصیح الحسن شامل تھے۔ اِس موقع پر سفیر آندرے میٹلیسا نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بیلاروس حکومت،پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے عملی طور پر کوشاں ہے اور ہم یہ چاہتے ہیں کہ دوطرفہ تعلقات میں مزید بہتری آئے، ہنر مند افراد کیلئے بیلاروس کی صنعتوں میں روزگار کے بہترین مواقع موجود ہیں جس کیلئے ہماری کوشش ہے کہ پاکستان سے تعلیم یافتہ پڑھے لکھے اور ہنر مند افراد کو ہی بیلاروس کی صنعتوں میں روزگار کے مواقع میسر آئیں۔ بیلاروس کی حکومت چاہتی ہے کہ پاکستان سے تعلیم اور روزگار کے حصول کیلئے جانے والے افراد کم از کم بیلا روسین زبان کی بول چال کا بنیادی علم رکھتے ہوں،

تاکہ اُن کے مسائل میں کمی آئے،پاکستان میں بیلاروسین زبان کے فروغ کیلئے پاکستانی اساتذہ کا ایک وفد بیلاروس بھجوانے کیلئے اقدامات زیرِ غور ہیں جو کہ بیلاروس کی زبان اور کلچر پر تعلیم حاصل کر کے پاکستان واپس آکر بیلاروس کی زبان اور کلچر کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ آنے والے وقت میں بیلاروس میں تعلیم و تربیت اور روزگار کیلئے جانے والے افراد کی رہنمائی اور مدد ہو سکے انہوں نے کہا کہ بیلاروس کے تیار کردہ 2700 ٹریکٹرز آئندہ سال پاکستان میں اسمبلنگ کئے جائیں گے، پاکستان کی ڈیمانڈ کے مطابق یہ ٹریکٹرز تیار کئے جائینگے جبکہ اعلیٰ تعلیم کیلئے رواں سیزن میں 40 طلباء کو ویزے جاری کئے گئے ہیں۔بیلاروس کے سفیر آندرے میٹلیسا نے آل پاکستان فیڈریشن آف یونائیٹڈ ٹریڈ یونینز کی جانب سے عالمی سطح کے لیبر فورمز پر بیلاروس کی مکمل حمایت کرنے اور ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان روابط مضبوط ہونگے جسکے ہم سب کو ملکر کردار ادا کرنا ہوگا، کیونکہ پاکستانی اور بیلاروس کی عوام ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہیں اِس کیلئے ضروری ہے کہ عالمی فورمز پر بھی ایک دوسرے کی مدد اور حمایت کا سلسلہ جاری رہے۔ ملاقات میں ضیاء سید نے سفیر آندرے میٹلیسا کو دورہ گجرات کی دعوت دی جو اُنہوں نے قبول کر لی۔