کھاریاں(قاری نصیر احمد کلیار سے)حکومت پنجاب کے گرین ویژن کے مطابق گجرات ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک کا دورہ کیا، اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن گجرات خالق داد گاڑا سمیت شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر اور شرکاء نے پارک میں سایہ دار اور پھولدار پودے لگائے تاکہ پارک کی خوبصورتی اور شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے کہا کہ لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک گجرات شہر کے وسط میں ایک اہم تفریحی مقام ہے جہاں شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پارک کی تزئین و آرائش کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں جن میں نئی گھاس کی لگانا، بیٹھنے کے لیے آرام دہ بنچز کی تنصیب، پودے لگانا اور سایہ دار مقامات کی تعمیر شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارک میں بچوں کے کھیلنے کے لیے جدید جھولے اور دیگر تفریحی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے پارک کی صفائی کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پارک میں تعینات سینٹری ورکرز اپنی ذمہ داریاں بہتر طریقے سے سرانجام دیں۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے افسران کو ہدایت کی کہ شہر کے دیگر پارکس کی صفائی اور تزئین و آرائش کا کام بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھری اور خوبصورت تفریحی جگہیں میسر آئیں۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پارک کی صفائی اور حفاظت میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت عوام کو بہتر تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس سلسلے میں پارکس کی حالت زار کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔